• news

انتخابات کے بعد کا منظر اچھا نظر نہیں آ رہا: شجاعت حسین

لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم کے انتقال سے ملک ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے۔ وہ فیصل آباد میں مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم کی وفات سے پیدا شدہ خلا پورا نہیں کیا جا سکتا، سنی اتحاد کونسل کے ساتھ (ق) لیگ کا اتحاد قائم ہے۔ ووٹروں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے پر پابندی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کو چاہئے کہ پہلے وہ ٹرانسپورٹ کی وضاحت کریں کہ اس میں کون کون سی گاڑیاں آتی ہیں، کیا اس میں کاروں، بسوں، ویگنوں کے علاوہ ٹریکٹر، ٹرالیاں، تانگے، ریڑھے اور گدھا گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سائیکل ٹرانسپورٹ میں شامل نہیں اس لیے ہمارے کارکن سائیکل پر ووٹ ڈالنے جائیں گے۔ الیکشن کے بعد والا منظر مجھے اچھا نظر نہیں آ رہا، جس طریقے سے معاملات چلیں گے سب کو اس کی فکر کرنا ہو گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو مل جل کر کام کرنا ہو گا۔ (ق) لیگ الیکشن میں سرپرائز دے گی اور قومی اور صوبائی سطح پر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔ سکیورٹی واپس لینے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ زندگی اور موت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے سکیورٹی واپس لینے یا نہ لینے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ الیکشن میں ہم اپنی پچھلی کارکردگی کی بناءپر عوام کے پاس جا رہے ہیں لوگوں کو دھوکا نہیں دیا جا سکتا کیونکہ عوام اب ہوشیار ہو گئے ہیں، اب عوام کا سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری کا خاتمہ اور امن و امان ہے۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ کچھ حلقے اوپن رکھے گئے ہیں۔ الیکشن کے بعد نئے اتحاد بنیں گے ہماری پارٹی کا مثبت کردار ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن