اندھا دھند تبادلے نگران ہاتھ ہلکا رکھیں
نگران حکمرانوں کی طرف سے وسیع پیمانے پر تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ روز5وفاقی سیکرٹریز کا تبادلہ کردیا گیا۔ خیبر پی کے میں 6 ڈی سی اوز اور بلوچستان کے 4کمشنر بدل دئیے گئے۔الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے نگران حکمرانوں کو ضرورت پڑنے پر تبادلوں کے اختیار دئیے تھے جس کا نگران حکومتوں نے بڑی بے رحمی سے استعمال کیا۔پنجاب میں تو پوری بیورو کریسی کی اکھاڑ پیچھاڑ کردی گئی۔مرکز اور دیگر صوبوں میں بھی نگران حسب توفیق تبادلے کر رہے ہیں۔اکا دکا تبدیلیوں کی بات تو سمجھ میں آئی اندھا دھند تبادلے سمجھ سے بالا تر ہے ہیں‘ جن ملازمین کو شفاف انتخابات میں مداخلت کے خدشات کے باعث تبدیل کیا گیا وہ ملک بدر تو نہیں ہوئے کسی دوسری جگہ پر جا کر کیا وہ پارسا ہوجائینگے؟ سرکاری ملازموں کی انتخابات میں مداخلت کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قانون ہے۔اگر کوئی ملازم قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو نگران اس کیخلاف ایکشن لے سکتے ہیں۔بیورو کریسی کے وسیع پیمانے پر تبادلے انکی حب الوطنی پر شبہ کااظہار ہے جس سے انکی کارکردگی متاثر ہوسکتی ہے۔لہٰذا نگرا ن حکمران تبادلوں کے حوالے سے ہاتھ ہلکا رکھیں بیورو کریسی کو اپنا معاون بنانے کی کوشش کریں۔