سپاٹ فکسنگ کیس، سلمان اور آصف کی اپیلیں مسترد، سزائیں برقرار
لوزان/لاہور (آئی اےن پی)کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث سابق پاکستانی کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کی سزا ﺅں کے خلاف اپیلوں کو مسترد کرتے ہوئے ان پر عائد پابندی کی سزا کو برقرا ر رکھا۔ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے اعلامیہ کے مطابق سلمان بٹ نے آئی سی سی کی جانب سے سپاٹ فکسنگ میں 10 سال کی پابندی کی سزا کے خلاف عالمی ثالثی عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے درخواست مسترد کر دی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ سلمان بٹ سپاٹ فکسنگ کا مرکزی کردار رہے اس لئے ان کی سزا میں کوئی کمی نہیں کی جاسکتی۔ عدالت نے یہ بھی کہاکہ آئی سی سی کی جانب سے سلمان بٹ کو جو سزا دی گئی ہے وہ بالکل درست ہے۔ عدالت نے فاسٹ باﺅلر محمد آصف کی سزا کےخلاف اپیل بھی مستردکرتے ہوئے ان پر عائد 7سالہ پابندی کو برقرار رکھا ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سلمان بٹ کا کہنا ہے کہ انہیں عالمی ثالثی عدالت نے فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے، اپیل مسترد ہونے پر مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ثالثی عدالت نے انہیں مطلع کیا ہے کہ ان کی سزا 5 سال کی ہے، جس کے 2 سال اور 7 ماہ وہ گزار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی سزا کو کم کروانا چاہتے تھے لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مزید کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں ،میری کوشش ہوگی کہ پابندی کے خاتمے تک خود کو فٹ رکھوں اور پابندی کے خاتمے کے بعد دوبارہ قومی ٹےم کی نمائندگی کر سکوں۔