کراچی میں نو گو ایریاز کے مکمل خاتمے کا حکم
کراچی میں نوگو ایریا موجود ہیں، سندھ پولیس کی سپریم کورٹ میں رپورٹ۔ جرائم پیشہ افراد کو پیپلز پارٹی کی حمایت حاصل ہے ۔ پولیس رپورٹ شرمناک ہے۔ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا جائے۔ ریمارکس۔ آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ بتائیں کس کس کو بلانا ہے۔ چیف جسٹس۔ کراچی میں نوگوایریا کے بارے میں کیس کی سماعت کے دوران کراچی پولیس نے اپنی جو رپورٹ عدالت میں پیش کی ہے اس میں پولیس نے تسلیم کیا ہے کہ کراچی میں نوگوایریاز موجود ہیں۔ عدالتی حکم پہ ان کیخلاف مہم میں پولیس کو جرائم پیشہ افراد کی طرف سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آپریشن کے باوجود 106میں سے 7تھانوں کی حدود میں ایسے ایریاز باقی ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ سیاسی دباﺅ کے باوجود باقی نوگو ایریاز بھی جلد بحال کرائے جائیں اور سیاسی اثر ورسوخ پر رہائی پانے والے جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جائے۔ اس وقت کراچی میں امن قائم کرنے کیلئے اگر صوبائی حکومت انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز تندہی سے عدالت عظمیٰ کے احکامات پر عمل کرے تو قوی امید ہے کہ پاکستان کا یہ اہم ترین اور سب سے بڑا شہر قانون شکنوں کی گرفت سے نکل کرایک مرتبہ پھر امن خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو جائیگا۔ اس شہر کو پہلے تو لسانی، سیاسی، نسلی اور مذہبی بنیادوں پر بدامنی کی آگ میں دھکیلا گیا۔ اب لینڈ مافیا اور بھتہ خوروں نے بھی لوٹ مار اور بدامنی پھیلارکھی ہے جس کے تدارک کیلئے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا اور نوگو ایریاز کو ختم کرنا ضروری ہے تاکہ یہاں بسنے والے تمام شہری خوف و ہراس کی فضا سے نکل کر زندگی بسر کریں۔