• news

100 نامعلوم افراد گیٹ توڑ کر عمران خان کے گھر میں گھس آئے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے عمران خان کی رہائش پر سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر احتجاج کیا، سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف شیریں مزاری نے دعویٰ کیا کہ ایک سو نامعلوم افراد عمران خان کی رہائش کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوگئے۔ نگران وزیر داخلہ کو بار بار سکیورٹی کی درخواست کی لیکن انہوں نے فراہم نہیں کی۔ عمران خان کی رہائش پر سکیورٹی فراہم نہ کرنے پر وزیر داخلہ مستعفی ہو جائیں انتظامیہ اور پولیس نے بھی ہمارے مطالبے پر کوئی توجہ نہ دی۔ واقعہ کے وقت عمران خان اور ان کی بہنیں گھر پر تھیں۔دریں اثناءایک نجی ٹی وی کے مطابق نگران وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے گھر کے باہر جھگڑا انکے کارکنوں کے درمیان ہوا تھا میری ہدایت پر آئی جی نے وہاں پہنچ کر صورتحال کنٹرول کی۔ ٹکٹ نہ ملنے پر کارکنوں نے عمران خان کے گھر کے باہر ہنگامہ آرائی کی جس کے بعد عمران خان کی سکیورٹی سخت کرنے کا حکم دیدیا ہے اور انکے گھر کے باہر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اسلام آباد کے آئی جی نے ملاقات کی اور ان سے انکی رہائش گاہ پر ہونیوالے واقعہ اور سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو آج سے سکیورٹی سکواڈ فراہم کیا جائے گا جبکہ رہائش گاہ کے باہر ایف سی تعینات کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن