مشرف کی گرفتاری کے عدالتی حکم پر عمل ہوگا: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اے پی اے) نگران وزیر اطلاعات عارف نظامی نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کی گرفتاری کے عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد ہوگا۔ نجی ٹی وی کے مطابق عارف نظامی نے کہا کہ پرویز مشرف کی گرفتاری سے کوئی انارکی پھیلنے کا خدشہ نہیں ہے۔ عارف نظامی نے کہا قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد پرویز مشرف کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ان کی گرفتاری سے انتخابات ملتوی نہیں ہوں گے، پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات عارف نظامی نے کہا کہ پرویزمشرف کی گرفتاری سے ملک میں کچھ اور ہونے کی باتیں صرف ایک مفروضہ ہے۔ نگران حکومت مشرف کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر مکمل عملدرآمد کرے گی۔ اس حوالے سے ضابطے کی کارروائی پوری کی جا رہی ہے۔ ضابطے کی کارروائی پوری ہوتے ہی ایکشن لیا جائے گا۔ عام انتخابات اپنے شیڈول کے مطابق صاف شفاف انداز میں ہوں گے۔ یہ ایک مفروضہ ہے کہ مشرف کی گرفتاری سے کوئی بڑا عوامی احتجاج سامنے آئے گا یا امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوگا۔پی ٹی وی سے انٹرویو میں عارف نظامی نے کہا کہ سیاستدانوں کو لاحق خطرات سے آگاہ ہیں، انہیں تحفظ دینے کے لئے مناسب اقدامات کرنا ہوں گے۔ امن و امان کے قیام کے لئے صوبوں سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ سیاسی تقرریاں خلاف ضابطہ ہیں۔ خفیہ فنڈز کے حوالے سے عدالتی احکامات کی پیروی کریں گے۔ صوبوں سے کہا ہے کہ امن و امان کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ و فاقی حکومت اس کے لئے صوبوں سے تعاون کرے گی۔ ہماری کوشش ہے کہ انتخابات پرامن طریقے سے کرا دیئے جائیں۔ سکیورٹی سٹاف کی صلاحیتوں پر کوئی شک نہیں سیاسی احکامات واضح ہونے چاہئیں۔ پولیس اپنا کام کر رہی ہے۔ پولیس کو سب سے زیادہ مورد الزام ٹھہرایا جاتا ہے لیکن قربانیاں بھی پولیس کی سب سے زیادہ ہیں۔ جمہوری حکومت کا پہلی بار آئینی مدت پوری کرنا خوش آئند ہے کسی بھی امیدوار کو انتخابات لڑنے یا نہ لڑنے کی اجازت دینا نگران حکومت کے دائرہ اختیار میں نہیں۔ یہ اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔ نگران حکومت کے ترجمان کے حوالے سے ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری کر رہا ہوں۔ میڈیا اپنی ذمہ داری سے پوری طرح آگاہ ہے، اپنے ضابطہ اخلاق پر خود عمل کر رہا ہے۔