عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، نگران وزیراعظم کا بیٹا ایک روز بعد ڈپٹی سے ڈائریکٹر
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز+آئی این پی) نگران وزیراعظم جسٹس میر ہزار خان کھوسو نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقرباءپروری کی نئی مثال قائم کردی‘ پہلے بیٹے کی صوبائی سے مرکزی محکمے میں ڈیپوٹیشن پر تقرری کی گئی اور بعدازاں ڈپٹی ڈائریکٹر سے ڈائریکٹر کے عہدے پر تیز رفتار ترقی دیدی گئی۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نگران وزیراعظم کے صاحبزادے شفقت حسین کھوسو جوکہ بلوچستان میں کمیونیکیشن اینڈ ورکس میں گریڈ 18 میں بطور انجینئر خدمات سرانجام دے رہے تھے کو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 16 اپریل کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ڈیپوٹیشن پر ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیا گیا اور اگلے ہی روز 17 اپریل کو ان کو بطور ڈائریکٹر ترقی دے کر ڈائریکٹر مینٹیننس بنادیا گیا۔ نگران وزیراعظم کے بیٹے کی بطور ڈائریکٹر تقرری کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔