• news

ایک وزیراعظم گھر جا چکا، مشرف کون ہیں جو عدالتی حکم نہ مانیں: نوازشریف

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) صدر مسلم لیگ (ن) نوازشریف نے کہا ہے کہ یہ پرویز مشرف کیلئے مقام عبرت ہے، پرویز مشرف سے میری کوئی ذاتی رنجش یا دشمنی نہیں ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ پرویز مشرف کا احتساب ضرور ہونا چاہئے انہیں خود کو پیش کردینا چاہئے، ایک وزیراعظم عدالتی حکم پر گھر جا چکا ہے پرویز مشرف کون ہیں جو عدالت کا حکم نہ مانیں۔ پرویز مشرف کے خلاف معاملہ 1999ءکے بعد سے ہی ہونا چاہئے جو لوگ 1999ءمیں مشرف کے ساتھ ملوث تھے ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ کرگل واقعہ میں ملوث لوگوں کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ 3500 امیدواروں میں سے ہم نے بہترین ناموں کا انتخاب کیا ہے۔ دہشت گردی کے حوالے سے صورتحال تشویشناک ہے۔ سیاستدانوں کی بڑی سوچ ہے کہ ان حالات میں بھی الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ جیسے بھی حالات ہیں الیکشن ناگزیر ہیں۔ انتخابات کو ملتوی کرنا ملک کیلئے بہتر نہ ہوگا، الیکشن کمشن کوئی طریقہ کار وضع کرے۔ سیاستدان ٹیلی ویژن اور میڈیا کا زیادہ استعمال کریں، فتح کا دعویٰ کبھی نہیں کیا اقتدار سے زیادہ وہ منزل عزیز ہے جس سے ہم بھٹک گئے ہیں۔ جس منزل کا آغاز ہم نے 1990ءمیں کیا تھا رکاوٹیں نہ آتیں تو پاکستان مختلف ملک ہوتا۔

ای پیپر-دی نیشن