• news

الیکشن ہی ملکی مسائل کا حل ہیں‘ مشرف کسی رعایت کے مستحق نہیں: نوازشریف

کوئٹہ + لاہور (این این آئی + خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف نے سابق صدر پرویز مشرف کو عدالتی حکم پر فوری طور پر گرفتار نہ کئے جانے کو عدلیہ کی تضحیک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ایک کو قانون کے آگے سر تسلیم خم کرناہے ¾ کسی کو قانون سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائےگی ¾ الیکشن ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہیں ¾سردار ثناءاللہ زہری کے قافلے پر ہونے والے حملے کو انتظامیہ ٹیسٹ کیس بناکر تحقیقات کرے۔کوئٹہ ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہاکہ عدالتی حکم کے بعد پرویز مشرف کو فوری گرفتار نہ کیا جانا یہ ظاہر کرتا ہے کہ خواص کیلئے قانون اور ہے اور عام آدمی کے لئے قانون اور ہے اگرمشرف کی جگہ کسی عام آدمی نے قانون توڑا ہوتا تو اسے ہتھکڑی ڈال کر کال کوٹھڑی میں ڈال دیا جاتا۔ بلوچستان کے حالات انتہائی مخدوش ہوچکے ہیں اور اس جانب توجہ دینا ہوگی۔ سابقہ نام نہاد منتخب حکومت نے عوام کی فلاح، صوبے کی ترقی خوشحالی اور قیام امن کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے غیرسنجیدہ پالیسیوں اور ناقص طرز حکمرانی کے باعث بلوچستان میں بدامنی، بے روزگاری، انتشار اس حد تک پہنچ چکا ہے۔ ایسے حالات میں بلوچستان کے عوام آنے والے عام انتخابات میں اصل عوامی نمائندوں کو منتخب کریں تاکہ جو یہاں کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات اٹھاسکیں تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ وفاق کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ ختم ہوچکی ہے جب تک حکومتی رٹ قائم نہیں کی جاتی حالات کی بہتری ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل جمہوریت کے فروغ اور آئین کی بالادستی میں ہے بلوچستان میں مخدوش حالات کے باوجود میں سمجھتا ہوں کہ انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ جن مسائل کا آج ہمیں سامنا ہے ان کا تدارک کیا جاسکے۔ جمہوری ملکوں کی روایت رہی ہے کہ حالات چاہے جتنے ہی خراب کیوں نہ ہوں انتخابی عمل کو کسی صورت بھی روکا نہیں جاتا۔ درحقیقت مسائل کاحل صاف شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کا عدالت سے فرار ہونا قابل افسوس امر ہے یہاں عام آدمی اور طاقتوروں کیلئے قانون میں تفریق موجود ہے انسپکٹر جنرل اسلام آباد کو بتانا ہوگا کہ وہ عدالت کے حکم کے باوجود کمرہ عدالت سے فرار ہونے میں کیسے کامیاب ہوئے اور انہیں گھر لے جانے میں کن لوگوں کی معاونت حاصل تھی درحقیقت یہ واقعہ عدلیہ کی توہین ہے۔ پرویز مشرف کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتنی چاہئے بلکہ ایک آدمی کی طرح ان پر بھی قانون کی مکمل عملداری ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تبدیلی لاچکے ہیں مسلم لیگ ن کے سابقہ ادوار میں ملک ترقی کی منازل تیزی سے طے کررہا تھا تاہم غیرجمہوری قوتوں نے ترقی کی اس راہ میں رکاوٹیں حائل کیں ہم عوام کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ نواز شریف جمعہ کے روز خصوصی طیارے میں لاہور سے کوئٹہ پہنچے۔ ضلع خضدار کے علاوہ انجیرہ گئے جہاں پر انہوں نے بلوچستان مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر اور چیف آف جھالاوان نواب ثناءاللہ زہری سے ان کے بیٹے، بھائی اور کزن کی شہادت پر ان سے اظہار افسوس کیا فاتحہ خوانی کی، مسلم لیگ ن خواتین ونگ کی عہدیداروں اور نامزد ارکان اسمبلی کے وفد سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا ہے کہ خواتین کی عزت و وقار میں اضافہ مسلم لیگ ن کی ترجیح ہے، ہم پالیسی اور فیصلہ سازی کے تمام اداروں میں خواتین کی موثر نمائندگی کو یقینی بنائیں گے۔ خواتین پر تشدد اور امتیازی سلوک کی روک تھام کے لئے قانون سازی کریں گے اور انہیں سیاسی، سماجی اور اقتصادی طور پر بااختیار بنائیں گے۔ اقتدار میں آ کر نہ صرف خواتین کو چھوٹے قرضے دیں گے بلکہ مکانات بنانے کے لئے رعایتی قرضوں کا اجرا بھی کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن