متعلقہ تھانے کی بجائے دوسری پولیس کے ذریعے گرفتاری کے باعث مشرف کا راہداری ریمانڈ دیا گیا
لاہور (ایف ایچ شہزاد سے) سابق صدر پرویز مشرف کو متعلقہ تھانے کی بجائے دوسری پولیس کے ذریعے گرفتاری کی وجہ سے ٹرانزٹ (راہداری) ریمانڈ دیا گیا۔ مروجہ قانون کے مطابق جس حدود میں وقوعہ ہوا ہو اس تھانے کی پولیس ملزم کو گرفتار کرکے ریمانڈ حاصل کرتی ہے۔ اگر کوئی دوسری پولیس گرفتار کرے تو وہ ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کرکے عدالت کی دی گئی مدت کے اندر ملزم کو اس تھانے کی پولیس کے حوالے کرنے کی پابند ہوتی ہے جس کی حدود میں وقوعہ ہوا ہو اور ایف آئی آر درج ہوئی ہو۔ اسلام آباد پولیس نے متعلقہ تھانے کی بجائے دوسری پولیس کے ذریعے پرویز مشرف کو گرفتار کرکے عدالتی احکامات کی تعمیل کر دی اور انتظامیہ کو یہ موقع بھی فراہم کر دیا کہ وہ ملزم کے بارے میں فیصلہ کر لیں کہ اسے کہاں منتقل کرنا ہے۔ اسی لئے اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ حکام نے پرویز مشرف کو گرفتار کرنے کے بعد مجسٹریٹ کی عدالت سے اس استدعا کے ساتھ ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کیا کہ ملزم کو متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کرنے کے لئے وقت درکار ہے۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرانزٹ ریمانڈ کی مدت کے اندر پرویز مشرف کو ریکارڈ میں اسی تھانے کی پولیس کے حوالے کیا جائے گا جس کی حدود میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز کو نظر بند کرنے کا وقوعہ ہوا۔ متعلقہ پولیس ہی تفتیش کا آغاز کر سکے گی۔