پاکستان کی بقاءاور استحکام کا دارومدار شفاف انتخابات میں ہے: عظیم الدین زاہد
لاہور (سیف اللہ سپرا) ق لیگ کے مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 140 ضلع قصور سے امیدوار ڈاکٹرعظیم الدین زاہد نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت شدید بحران کا شکار ہے۔ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، گیس کا بحران، مہنگائی، بے روزگاری، کراچی، بلوچستان اور خیبر پی کے میں بدامنی جیسے مسائل نے ملک کی بنیادیں کھوکھلی کر دی ہیں۔ ان مسائل کو ایسی حکومت ہی حل کر سکتی ہے جو مخلص اور سنجیدہ ہو، ق لیگ نے اپنے سابقہ دور حکومت میں 1122، ٹریفک وارڈن جیسے عوامی خدمت کے منصوبے شروع کئے۔ لوگ آج بھی ان سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اگر عوام نے انتخابات میں اعتماد کا اظہار کیا تو ق لیگ بجلی کی لوڈشیڈنگ، گیس کے بحران سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان وقت میں گفتگو کے دوران کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بظاہر دکھائی دے رہا ہے کہ نگران حکومت، الیکشن کمشن اور عدالتیں شفاف انتخابات کرانا چاہتی ہیں مگر ہمارے نظام میں اتنی پیچیدگیاں ہیں کہ سو فیصد شفاف الیکشن ہوتے نظر نہیں آ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور استحکام شفاف انتخابات کے انعقاد میں ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن 11 مئی کو ہی ہوں گے۔ انتخابات کے نتیجے میں مخلوط حکومت بنے گی انہوں نے کہا کہ میں ق لیگ اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مشترکہ امیدوار ہوں اور انتخابی نشان سائیکل کے ساتھ الیکشن لڑ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف قومی مجرم ہیں ان سے پاکستانی قوانین کے مطابق سلوک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنا دامن اسلام پسند قوتوں سے چھڑا لیا ہے اور اپنے آپ کو ایک لبرل اور سیکولر جماعت ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لگتا ہے کہ ایسا بیرونی اشارے پر کر رہی ہے۔