• news

کارکنوں کے قتل پر یوم سوگ، الیکشن سے دور کرنے کی سازش ناکام ہوگی: متحدہ

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) نامزد امیدواروں، کارکنوں اور عہدیداروں کے قتل کے مسلسل واقعات کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ کی اپیل پر سندھ بھر میں یوم سوک منایا گیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے یوم سوگ کی اپیل پر حیدر آباد، لطیف آباد، کوٹری، ٹنڈوالہ یار، میر پور خاص، نوابشاہ اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں عمارتوں اور گھروں پر سیاہ جھنڈے لہرائے گئے۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام بھی کیا گیا۔ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو انتخابات سے دور رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے جو ناکام ہوگی ہمارے 4 ہمدردوں کا قتل کھلی درندگی ہے۔ ایم کیو ایم اپنے جمہوری حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی۔ شہداءکے ورثاءہم سے یہ سوال کر رہے ہیں کہ دہشتگردی کا یہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟ جرائم پیشہ عناصر کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں رضا ہارون نے کہا کہ سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلا رہی ہیں جبکہ ہم لاشیں اٹھا رہے ہیں متحدہ کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ منظم منصوبہ بندی کے تحت ایم کیو ایم کو انتخابات سے دور رکھنے اور اس کا مینڈیٹ چھیننے کی سازش کی جارہی ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ تمام جماعتیں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہیں لیکن ایم کیو ایم کو روز کارکنوں کی لاشوں کا تحفہ دیا جارہا ہے اور مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بائیکاٹ پر مجبور کرنے کے لئے سب سے پہلے غیر آئینی طریقے سے حلقہ بندیاں کرکے ایم کیو ایم کو دیوار سے لگایا گیا اور پھر پرامن علاقوں میں کارروائی کرکے معصوم لوگوں کو گرفتار کیا گیا لیکن ایم کیو ایم اپنے قانونی اور جمہوری حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگی اور نہ ہی انتخابات کا بائیکاٹ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے ایم کیو ایم کے حتمی امیدواروں کا اعلان کل کیا جائے گا۔ ایسے حالات پیدا کئے جا رہے ہیں کہ ہم انتخابی مہم نہ چلا سکیں، کراچی میں نام نہاد آپریشن کے نام پر متحدہ کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن