حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے بینکوں سے قرض لینے کا عمل محدود کیا جائے: ماہرین
لاہور (کامرس رپورٹر) اقتصادی ماہرین نے ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لئے حکومت پر زور دیا ہے کہ بجٹ خسارہ پورا کرنے کے لئے بینکوں سے قرضے لینے کا عمل محدود کر دیا جائے۔ ڈاکٹر شاہد حسن صدیقی نے کہا کہ مہنگائی کوکم کرنے کے لئے حکومت بجٹ خسارہ کم کرے۔ ٹیکس چوری، کرپشن پر قابو پائے اور حکومتی اداروں کی کارکردگی بہتر بنائے جائے۔ روپے کی قدر کو مستحکم بنایا جائے۔ ابراہیم مغل نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے زرعی لاگت کاشت میں 40 سے 50فیصد کمی کی جائے۔ حکومت بالواسطہ ٹیکسوں کی بجائے براہ راست ٹیکس وصولی کو بڑھائے۔ ڈاکٹر بلال اسلم صوفی نے کہا کہ گذشتہ 5سالوں میں گندم کے فی من نرخ 625 روپے سے بڑھا کر 1200روپے تک بڑھائے گئے جس سے آٹا اور روٹی مہنگے ہو گئے۔ ہمارا موقف ہے کہ حکومت گندم کے نرخ بڑھانے کی بجائے کسانوں کو کھاد، بجلی ڈیزل، بیج اور دیگر زرعی لوازمات پر براہ راست سبسڈی دے جس سے نہ صرف مہنگائی کم ہو گی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ملک میں غربت میں بھی کمی ہو گی۔ حکومت فوری طور پر کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کرے۔