• news

باجوڑ ایجنسی: ہسپتال کے گیٹ پر خاتون کا خودکش دھماکہ‘ لیویز اہلکار سمیت 5 جاں بحق

باجوڑ ایجنسی + لاہور (نوائے وقت نیوز + خصوصی رپورٹر) باجوڑ ایجنسی کے صدر مقام خار میں تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال کے مین گیٹ پر خودکش حملے میں لیویز اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ایک برقع پوش عورت گذشتہ روز ہسپتال میں داخل ہونے کیلئے مین گیٹ پر پہنچی تو سکیورٹی اہلکاروں اور عملے نے اسے پوچھ گچھ کیلئے روکا۔ اس دوران خاتون نے دھماکہ کر دیا جس سے باجوڑ لیویز فورسز کا ایک اہلکار‘ محکمہ صحت کے ملازم سمیت 5 افراد موقع پر جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے فوراً بعد انتظامیہ کے حکام اور لیویز اہلکاروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور قریبی راستوں پر سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ زخمیوں میں دو کی حالت نازک بیان کی جا رہی ہے۔ کسی تنظیم یا گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ دریں اثناءصدر آصف علی زرداری‘ نگران وزیراعظم میر ہزار خاں کھوسو‘ مسلم لیگ ن کے صدر محمد نوازشریف‘ خادم پنجاب محمد شہباز شریف‘ نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی‘ مولانا فضل الرحمن گورند خیبر پی کے انجینئر شوکت اللہ نے باجوڑ ایجنسی کے ہسپتال میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ معصوم زندگیوں سے کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ دہشت گردوں کی مذموم حرکتیں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔

ای پیپر-دی نیشن