گیارہ مئی زرداری‘ چوروں اور لٹیروں سے نجات کا دن ہے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) راجن پور میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ11مئی زرداری، چوروں اور لیٹروں سے نجات کا دن ہوگا، اس روز پاکستان کی دولت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں آجکل پاکستان میں شہر در شہر جا رہا ہوں اور میں نے دیکھا ہے کہ پاکستان کی ہوائیں مسلم لیگ (ن) کی فتح کے ترانے گا رہی ہیں۔ ہر شہر میں طالبعلم ، نوجوان ، خواتین ، محنت کش اور وکلا جوق در جوق مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔ راجن پور سے میرا رشتہ ناقابل شکست ہے۔ میں نے 2010ءمیں پاکستان کی تاریخ کے بدترین سیلاب میں کئی ہفتے سیلاب زدگان کے ساتھ گزارے ۔ ان دنوںمیں اپنے ہاتھوں سے غذائی اشیاء، ادویات اور دوسرا سازوسامان سیلاب میں گھر ے ہوئے اپنے بہنوں اور بھائیوں تک پہنچاتا رہا ہوں۔ یہ وہ دن تھے جب عوام کی ہمدردی کے دعویدار پیرس میں رنگ رلیاں منا رہے تھے یا پھر اسلام آباد کے محلات میںداد عیش دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ اقتدار میں آکر راجن پور کو لاہور جیسا خوبصورت جدید سہولتوں سے آراستہ شہر بنا دیں گے۔ محمد شہباز شریف نے جنوبی پنجاب میںلاہور اور راولپنڈی کی طرح کا جدید ترین کارڈیالوجی ہسپتال بنانے کا اعلان کیا۔ شہباز شریف نے خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ خسرے کی وباءکے خلاف اسی طرح جنگی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے جس طرح پنجاب میں ڈینگی کی وباءکے خلاف کیاگیا تھا۔ انہوں نے شریف میڈیکل ٹرسٹ ہسپتال اور اتفاق ہسپتال میں خسرہ کے مریض بچوں کے لئے خصوصی بیڈ مختص کرنے کا اعلان کیا جہاں مریضوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔