ملک جمہوریت کی بنیاد پر وجود میں آیا، اسی بل پر چل سکتا ہے: عارف نظامی
لاہور (سپیشل رپورٹر) نگران وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی نے کہا ہے عبوری حکومت کا حصہ ہوں جس کا ایجنڈا شفاف انتخابات ہیں، ملک جمہوریت کی بنیاد پر وجود میں آیا اور جمہوریت کے بل پر ہی چل سکتا ہے، ہمیں شکرگزار ہونا چاہئے ہمارا پاسپورٹ سبز رنگ کا ہے اس کی بے حرمتی ہو تو اسکے ذمہ دار ہم خود ہیں یہ باتیں انہوں نے یوم اقبالؒ کے حوالے سے مرکزیہ مجلس اقبال کے زیراہتمام ایوان اقبال میں منعقد ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہم نے ہمیشہ خرابیوں کو اجاگر کیا ہے مگر ہم یہ نہیں جانتے پاکستان واحد ایسا ملک ہے جس میں آزاد الیکشن، آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا ہے۔ امید ہے 11مئی کو انتخابات ہونگے جو پاکستان کے مستقبل کے لئے مثبت قدم ثابت ہونگے۔ خانہ فرہنگ ایران کے کونسل جنرل محمد حسین نبی اسدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا سیالکوٹ اور لاہور کے لوگ خوش قسمت ہیں جہاں پر اقبالؒ نے اپنی زندگی گزاری، اقبالؒ بہت روشن دماغ شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ اپنی قوم کی بہتری کے بارے میں سوچا۔ اورینٹل کالج میں ایسا ادارہ بنایا جائے جو علامہ اقبالؒ کے اشعار کو مختلف زبانوں میں ترجمہ کرکے پوری دنیا میں پیش کرے اس کے علاوہ ایران میں ایک کلچرل ویک بھی منایا جائے جس کا موضوع اقبالؒ کی شخصیت ہو۔ جسٹس ریٹائرڈ ناصرہ جاوید اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا پچھلے پانچ برسوں میں علامہ اقبالؒ کو نصاب سے بھی نکالا جا رہا ہے، وجہ صرف پیپلزپارٹی نہیں بلکہ اور بھی لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا جہاں پر بھی بیٹے کے ساتھ انتخابی مہم پر نکلی ہوں نہ بجلی، پانی، گیس نظر آئی۔