دریائے جہلم: ایک ہی خاندان کے 9 افراد ریلے میں بہہ گئے‘6 جاں بحق ‘3 کو بچا لیا
جہلم (نامہ نگار) ایک ہی خاندان کے9افراد دریائی ریلے میں بہہ گئے،6جاں بحق اور 3کو بچا لیا گیا۔ چک دولت کے غریب گھرانے کے مرد خواتین، بچوں سمیت دریائے جہلم میں کپڑے دھو رہے تھے کہ اچانک منگلا ڈیم سے آنے والا ریلہ انہیں اپنے ساتھ بہا کر لے گیا، بدقسمت خاندان کے6افراد جاں بحق جن میں گھرانے کا سربراہ محمد صفدر اس کی بیوی معروف بی بی، بھابی صاعقہ بی بی، بھتیجا جاوید، وقار اور بیٹی فائزہ جاںبحق جبکہ 3 بچوں جن میں زین، نعیمہ، اور ریحان کو ریسکیو 1122نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے بچا لیا، 3افراد معروف بی بی زوجہ محمد صفدر، صاعقہ بی بی زوجہ اختر حسین اور وقار ولد اختر حسین کی لاش مل گئی جبکہ دیگر 3افراد کی لاشوں کی تلاش جاری ہے،اہل علاقہ نے منگلاڈیم انتظامیہ کی جانب سے غفلت پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈی سی او جہلم مقبول احمد لنگاہ، اے ڈی سی جی کامران آفریدی، اے سی جہلم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا منگلاڈیم کی جانب سے بغیر اطلاع پانی کے اخراج پر نوٹس لیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے دریائے جہلم میں ایک ہی خاندان کی خواتین اور بچوں کے ڈوبنے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ڈوبنے والے دیگر بچوں اور خواتین کی تلاش کا کام تیز کیا جائے۔