• news

3 روز میں حکومت نے سکیورٹی نہ دی تو سپریم کورٹ سے رجوع کرونگا: وٹو

لاہور (خصوصی رپورٹر) صدر پی پی پی پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے ایک بیان میں کہا ہے اگر آئندہ 3 روز کے اندر اندر انہیں حکومت کی طرف سے ان کے بطور سابق وزیراعلیٰ استحقاق کے مطابق سکیورٹی فراہم نہ کی گئی تو وہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں پٹیشن دائر کریں گے۔ انہوں نے کہا سابق وزرائے اعلیٰ کی مراعات سے متعلق مسلمہ قوانین کی واضح خلاف ورزی سراسر امتیازی سلوک کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صرف مجھے سکیورٹی سے محروم کرنا انتہائی غیرمنصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا انتہا پسند عناصر انہیں متعدد بار دھمکیاں دے چکے ہیں۔ نگران وزیر داخلہ کو مسلم لیگ (ن) کے سربراہ کی بے جا حمایت کرنے پر وزارت سے سبکدوش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نگرانوں کو غیرجانبدارانہ طرزعمل اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا غیرجانبدار ہونا دکھائی بھی دینا چاہئے۔ پیپلزپارٹی آئندہ 11مئی کو صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کے لئے نگران حکومتوں اور الیکشن کمشن آف پاکستان کی بھرپور معاونت کرے گی۔ الیکشن میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن