• news

فٹ کھلاڑی قومی سکواڈ کا حصہ بنے گا‘ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کو کمزور نہ سمجھا جائے

لاہور/ کراچی (سپورٹس رپورٹر/ آئی این پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل انتخاب عالم نے کہا ہے کہ پی سی بی کا سنٹرل کنٹریکٹ فٹنس لیول سے مشروط کیا جا رہا ہے۔ نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کو اپنا فٹنس لیول بھی بہتر سے بہتر رکھنا ہوگا۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایک فٹ کھلاڑی ہی قومی سکواڈ کا حصہ بن سکے گا۔ انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ فاسٹ باولنگ ٹیلنٹ ہنٹ کیمپ میں نوجوان کھلاڑیوں کا فٹنس معیار نہ ہونے کے برابر ہے۔ ایک اچھا فاسٹ باولر وہی بن سکتا ہے جس کا اپنا فٹنس لیول سب سے اچھا ہوا۔ کیمپ میں کھلاڑیوں کا فٹنس لیول دیکھ کر فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریجنل اور محکموں کے کوچز کو بلا کر ہدایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ کھلاڑیوں کے فٹنس معیار کو بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی اپنائیں۔  قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ محمد اکرم کہتے ہیں کہ چیمپینز ٹرافی میں عمر گل کی کمی محسوس ہوگی، نوجوانوں کے پاس خود کو منوانے کا اچھا موقع ہے۔نیشنل سٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بالنگ کوچ کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی سے پہلے فاسٹ بولرز کا کیمپ کافی مددگار ثابت ہوگا۔ کیمپ کے ذریعے کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمر گل ایک تجربہ کار بالر ہیں، نئے باولر ہر طرح کی گیند پر عبور حاصل کررہے ہیں۔محمد اکرم کا کہنا تھا کہ چیمپیئنز ٹرافی کی تیاری کے لئے کھلاڑی بہت محنت کررہے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ ٹیم ایونٹ میں قومی ٹیم کو کوئی نظر انداز نہیں کرسکتا۔

ای پیپر-دی نیشن