• news

مشرف بازی جیت گئے، مزید تذلیل ہوئی تو فوجی ردعمل کا خطرہ ہو گا: احمد رضا قصوری

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) احمد رضا قصوری نے کہا ہے کہ مشرف اپنی بازی جیت گئے، پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اپنی بازی جیت گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں کہیں بھی ڈکٹیٹر عدالتوں کے سامنے پیش نہیں ہوا مگر مشرف پیش ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی گرفتاری دنیا کی تاریخ میں لکھی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کالے کوٹ والوں کو زنجیر ڈالی جائے سابق آرمی چیف کی مزید تذلیل کی گئی تو فوجی ردعمل کا بھی خطرہ ہوگا۔ آرٹیکل (6) کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پنڈورا بکس کھل گیا تو بہت سے پردہ نشینوں کے نام آئیں گے۔ احمد رضا قصوری نے کہا کہ الیکشن کمشن کا سارا کام عدلیہ نے سنبھال لیا ہے۔ جنرل پرویز مشرف کو جمہوری عمل سے باہر رکھا گیا، چور ڈاکوﺅں کو اجازت دے دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی مخالفت حکومت نہےں بلکہ عدلیہ کررہی ہے، عدلیہ کاکام انصاف دینا ہے، انصاف وہ ہوتا ہے جو نظر بھی آئے۔ انہوں نے کہا کہ جس آرٹیکل 6کا حوالہ دیا جاتا ہے اسی آرٹیکل 6کی زیر دفعہ 2 یہ کہتی ہے کہ جس نے معاونت کی وہ بھی مجرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کا ٹرائل ضرور کریں مگر ٹرائل صاف ہونا چاہئے، تذلیل کا پہلو آیا تو فوجی ردعمل کا خدشہ ہوگا۔ انہوں نے عدلیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم مشرف کا دفاع کرینگ۔ ہم مشرف کے ساتھ ہیں، ظالمانہ فیصلے کے خلاف تحریک چلائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن