لیپ ٹاپ سکیم کی آڑ میں میڈیکل کالجز کے طلبہ کا میرٹ سکالر شپ بند کر دیا گیا
لاہور (ندیم بسرا) محکمہ صحت اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے لیپ ٹاپ سکیم کی آڑ میں پنجاب بھر کے میڈیکل کالجز کے سٹوڈنٹس کا میرٹ سکالر شپ گذشتہ 2برسوں سے بند کر رکھا ہے، دوردراز سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے لائق طلبہ سکالر شپ سے محروم ہونے کی وجہ سے اپنے اخراجات ادا کرنے کے قابل نہ رہے۔ متاثرہ طلبہ نے صوبائی محتسب پنجاب کو اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف درخواست دائر کر دی۔ پنجاب کے 11میڈیکل کالجز میں زیرتعلیم تقریباً 25سو ایسے طلبہ و طالبات تھے جو میرٹ سکالر شپ پر پورا اترتے تھے۔ ان کو سالانہ 30ہزار روپے میرٹ سکالر شپ دی جاتی تھی مگر دسمبر 2010ءسے لائق اور ہونہار طالب علموں کو سکالر شپ نہیں دی جا رہی۔ متاثرہ طلبہ و طالبات کا کہنا ہے کہ میرٹ سکالر شپ کو لیپ ٹاپ سکیم کے ساتھ منسلک کرنا درست نہیں۔ محکمہ صحت پنجاب، ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بغیر سوچے سمجھے ہمارے وظائف بند کر دئیے ہیں۔ دوسری طرف متاثرہ طلبہ و طالبات نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے بھی اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔