جنرل منیجر آپریشن ریلوے کی سیٹ پر تعیناتی کیلئے افسروں نے کوشش شروع کر دیں
لاہور (میاں علی افضل سے) ریلوے کے موجودہ جنرل منیجر جنید قریشی کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ قریب آتے ہی جنرل منیجرآپریشن کی سیٹ پر تعیناتی کےلئے ایک بار پھر ریلوے افسران نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نگران وزیراعظم سے جنرل منیجر کی سیٹ پر تعیناتی کےلئے ایک اے جی ایم کی جانب سے بھرپور سفارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے نگران وزیراعظم کو بھیجی گئی سمری بھی تبدیل کر دی گئی پہلے بھجوائی گئی سمری میں جی ایم کےلئے پہلے 3نام بھجوائے گئے جن میں ڈی جی والٹن انجم پرویز، اے جی ایم مکینیکل اسد احسان اور اے جی ایم انفرسٹرکچر جی ایم قریشی شامل تھے نئی سمری میں اے جی ایم ٹریفک جاوید انور بوبک کا نام بھی شامل کر دیا گیا ہے، ماضی میں بھی ریلوے افسران کے درمیان جی ایم سعید اختر کی دوبارہ جنرل منیجر کی سیٹ پر تعیناتی کے دوران شدید اختلافات پیدا ہوئے افسران واضح طور پر 2گروپس میں تقسیم ہو گئے لیکن اس کے باوجود سفارش کی وجہ سے ریلوے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریٹائر جی ایم کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے ایک سال کا کنٹریکٹ دے دیا جو تعیناتی کے فوراً بعد سے اب تک کرپشن کے مختلف کیسوں کے الزام میں نیب کی حراست میں ہے جبکہ سابق جی ایم نعیم ملک اور اے جی ایم مکینیکل میاں احسن بھی نیب کی حراست میں ہیں۔