مشرف مجرم ہیں، ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی ضروری ہے: ڈاکٹر قدیر
لاہور (آئی این پی) ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پرویز مشرف قومی مجرم ہیں، ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی لازم ہے، مجھے دولت اور عہدے کا کوئی لالچ نہیں ملک اور قوم کو کرپشن، لوٹ مار اور بجلی کی لوڈشیڈنگ سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانا چاہتا ہوں۔ پاکستان کو اسلامی فلاحی اور جمہوری ریاست بننے کی بجائے چوروں، بدعنوانوں اور لٹیرے حکمرانوں کے سیاہ کارناموں کی وجہ سے ناکام ریاست بنا دیا گیا ہے عام انتخابات میں عوام کو بہرصورت درست فیصلہ کرنا ہو گا۔ اپنے ایک انٹرویو میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مہنگائی بے روزگاری سمیت تمام مسائل کی ذمہ داری پرویز مشرف پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنے اور امریکہ کے مفادات میں پالیسیاں بنائیں اور ملک کو بحرانوں کا شکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پرویز مشرف قومی مجرم ہیں۔ اس کا ناصرف احتساب ہونا چاہئے بلکہ ان کیخلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی بھی ناگزیر ہو چکی ہے تا کہ آئندہ کسی کو اقتدار، جمہوریت اور عدلیہ پر شب خون مارنے کی جرÉت نہ ہو سکے۔