• news

پاکستان عوامی تحریک کی لاہور میں موجودہ انتخابی نظام کے خلاف احتجاجی ریلی

لاہور (آئی این پی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے الیکشن کمشن اور عام انتخابات کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 11مئی کو پولنگ سٹیشنوں اور سڑکوں پر احتجاجی دھرنے دئیے جائیں گے، قوم کی تقدیر بدلنے کیلئے نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے، سیاسی ڈاکوﺅں کو صادق و امین کے ٹائٹل دے دئیے گئے اور سکروٹنی کے نام پر آرٹیکل 62اور63کو مذاق بنایا گیا، ہم ملک میں جعلی انتخابی نظام اور کرپٹ نظام حکومت کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ وہ لاہور میں موجودہ انتخابی نظام کے خلاف نکالی جانے والی ریلی سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے۔ طاہر القادری نے کہاکہ موجودہ نظام کے تحت ہونے والے انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو ووٹ دینا نظام کی حمایت کے مترادف ہے اور ہم عوام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے انتخابات میں حصہ نہ لیں۔ ہم موجودہ الیکشن کمشن اور انتخابی عمل کو غیرآئینی سمجھتے ہیں، موجودہ الیکشن کمشن کی نگرانی میں ہونے والے انتخابات بھی غیرآئینی ہونگے۔ سیاسی ڈاکوﺅں کو صادق و امین کے ٹائٹل دے دئیے گئے جو پارلیمنٹ میں لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کریں گے اور اس کی ذمہ داری الیکشن کمشن پر بھی عائد ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ کرپٹ نظام کو ختم کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن