اے این پی نے سندھ سے قومی اور صوبائی امیدواروں کا اعلان کر دیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ثناءنیوز) اے این پی نے سندھ سے قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔ اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید نے میڈیا کو بتایا کہ قومی اسمبلی کی 17 اور صوبائی اسمبلی کی 36 نشستوں پر امیدوار حصہ لیں گے۔ شاہی سید نے کہا کہ الیکشن میں گہماگہمی نظر نہیں آ رہی۔ اے این پی کے درجنوں دفاتر بند کرائے جا چکے ہیں۔ کراچی میں نوگو ایریاز بھی موجود ہیں۔ دہشت گردی کی وجہ سے ہم کراچی میں بڑے جلسے نہیں کر رہے۔ کوئی جماعت دہشت گردی کی مذمت کرنے کی جرات نہیں کر رہی۔ ہر حال میں انتخابات میں حصہ لیں گے۔ دہشت گرد اے این پی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ آئی جی سندھ کہتے ہیں کہ الیکشن کمشن نے سکیورٹی دینے سے منع کیا ہے۔