الیکشن کمشن نے پنجاب، سندھ، خیبر پی کے امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دیں
لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ ایجنسیاں) الیکشن کمشن نے پنجاب سے قومی اسمبلی کی 148، اسلام آباد کی 2 اور پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں کیلئے میدان میں موجود امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی ہیں۔ الیکشن کمشن نے خیبر پی کے اور سندھ سے بھی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرستیں جاری کر دیں۔ الیکشن کمشن کے ریکارڈ کے مطابق پنجاب سے قومی اسمبلی کی 148 نشستوں کیلئے اپیلوں کے فیصلوں کے بعد 3569 امیدواروں کے کاغذات کلیئر ہوئے تھے جن میں سے 1202 نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور اب 2367 امیدوار میدان میں باقی رہ گئے ہیں۔ اسلام آباد کی دو نشستوں کیلئے اپیلوں کو نبٹائے جانے کے بعد 128 امیدوار کلیئر قرار پائے تھے جن میں سے 51 نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور اب 77 امیدوار میدان میں ہیں۔ پنجاب اسمبلی کی 297 نشستوں کیلئے اپیلیں نبٹائے جانے کے بعد 8610 امیدوار کلیئر قرار پائے تھے جن میں سے 2852 نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے اور اب 5758 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمشن کی طرف سے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پی کے سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے مجموعی طور پر 2 ہزار 2 سو 93 جبکہ سندھ سے 3 ہزار 9 سو 28 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ خیبر پی کے سے قومی اسمبلی کے لئے 855 جبکہ صوبائی اسمبلی کیلئے 1438 ا میدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔ سندھ سے قومی اسمبلی کے لئے 1 ہزار 1 سو 18 اور صوبائی اسمبلی کیلئے 2 ہزار 8 سو 10 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔