مسلم لیگ ن عوامی خدمت میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتی: پرویز الٰہی
گجرات (نامہ نگار) ق لیگ کے سینئر مرکزی رہنما اور قومی اسمبلی کے امیدوار چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن عوامی خدمات میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتی، لاہور کو پیرس بنانے کے دعویداروں نواز، شہباز شریف کی کارکردگی کی حالت یہ ہے کہ آپ نواز شریف کے حلقہ گوالمنڈی اور گجرات کے شہر شادیوال کا موازنہ کر لیں گوالمنڈی کے مقابلہ میں شادیوال کی چھوٹی سی گلی بھی آپ کو کنکریٹ کی بنی ہوئی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انشاءاللہ گجرات اور سیالکوٹ سے لاہور تک موٹروے کی تعمیر کے اپنے منصوبہ پر نہ صرف پوری طرح عملدرآمد کریں گے بلکہ اس پر انجینئرنگ اور ٹیکنیکل کی دو یونیورسٹیاں اور انڈسٹریل اسٹیٹ بھی بنائیں گے۔ وہ شادیوال میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ شادیوال کی حکیم برادری اور پیپلزپارٹی کی ممتاز شخصیات نے ق لیگ میں شامل ہو گئیں جبکہ رحمانی اور کشمیری سمیت متعدد برادریوں نے چودھری پرویزالٰہی کی حمایت کا اعلان کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم سیاست نہیں بلکہ عوام کی خدمت کرنے کیلئے الیکشن لڑتے ہیں، بطور وزیراعلیٰ میں نے پورے پنجاب میں بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے، نواز، شہباز شریف کے دور میں پنجاب کنگال ہوا، مقروض ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی اقلیتی برادری شہباز شریف کے ظلم کا شکار رہی، ان کے گھروں کو جلایا گیا، لوٹا گیا جب میں وزیراعلیٰ تھا تو اقلیتی برادری خوشحال تھی۔ نواز شریف شہباز شریف صرف بیان بازی کرتے ہیں ان کی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2008ءمیں محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کی وجہ سے مسلم لیگ ن کو فائدہ ہوا اب حالات تبدیل ہو چکے ہیں لوگ ہماری پانچ سالہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے اس مرتبہ سائیکل پر مہر لگائیں گے، ہم نے عام اور غریب آدمی کیلئے کام کیا، چودھری طارق دھاراجی نے شادیوال آمد پر چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا۔ چودھری پرویز بشیر کی قیادت میں حکیم برادری اور پیپلزپارٹی کی معزز شخصیات چودھری مصطفی وڑائچ، چودھری غلام مصطفی، امجد بٹ، مشتاق بٹ، سید الطاف شاہ نے ق لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ندیم اختر ملہی اور چودھری پرویز بشیر نے بھی خطاب کیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے بعد ازاں ندیم اختر ملہی، چودھری طاہر، حاجی نذیر، مشتاق بٹ، چودھری تصور زمان، سید رضوان شاہ، چودھری ظفر اقبال ببو، اظہر حسین ڈورا، اعجاز حسین ڈورا، چودھری منظور حسین نمبردار، چودھری محبوب رضا، لالہ نثار، لالہ شفاقت، بشیر حسین، حاجی ذوالفقار نمبردار، شوکت بٹ، سیف اللہ بھٹی، سیٹھ افتخار اور شفیع رحمانی سے ملاقات کی۔