پنڈی: تحریک انصاف کی تقریب میں بدنظمی، صحافیوں پر تشدد، عمران خطاب نہ کر سکے
راولپنڈی + اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) راولپنڈی میں مری روڈ پر تحریک انصاف کے انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب بدنظمی کی نذر ہو گئی، کارکنوں نے دفتر کے شیشے توڑ دئیے اور صحافیوں پر تشدد کیا۔ دھکم پیل کی کوریج کرنے والے صحافیوں پر تشدد کیا اور کپڑے پھاڑنے کے ساتھ کیمرے چھیننے کی کوشش کی۔ عمران خان پارٹی کارکنوں کے طوفان بدتمیزی کے باعث خطاب کئے بغیر ہی چلے گئے۔ علاوہ ازیں سپر مارکیٹ میں تحریک انصاف نے الیکشن کمشن کے قواعد و ضوابط کو پس پشت رکھتے ہوئے ایک ریلی نکالی جس میں درجنوں موٹر سائیکل بغیر سائلنسر اور بغیر ہیلمٹ کے سپر مارکیٹ کی سڑکوں پر ون ویلنگ کرتے رہے جبکہ دس سے بارہ گاڑیوں پر مشتمل ریلی نے عملاً سپر مارکیٹ کو پوری طرح یرغمال بنا لیا۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس اہلکار تماشائی بنے رہے۔