افغان امن عمل : امریکہ‘ پاکستان‘ افغانستان کے مذاکرات آج برسلز میں شروع ہوں گے
اسلام آباد +برسلز+کابل (سٹاف رپورٹر +رائٹرز) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے برسلز میں افغان صدر حامد کرزئی اور سینئر پاکستانی حکام کے درمیان مذاکرات کا اہتمام کیا ہے جس میں افغان امن عمل پر بات چیت ہوگی، یہ بات امریکی محکمہ خارجہ کے ایک سینئر عہدیدار نے بتائی۔ عہدیدار کے مطابق یہ اجلاس سہ فریقی مذاکرات کا حصہ ہے اس اجلاس میں صدر کرزئی، افغان وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی، پاکستان کے آرمی چیف جنرل کیانی اور سیکرٹری خارجہ جلیل جیلانی شرکت کر رہے ہیں۔ ادھر کابل میں صدارتی ترجمان نے کہا ہے کہ صدر کرزئی منگل کو برسلز روانہ ہوں گے جہاں وہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور سینئر پاکستانی عہدیداروں کے ساتھ افغان امن عمل پر بات چیت کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ جان کیری کی جانب سے بلائے گئے اس اجلاس کا مقصد پاکستان اور افغانستان میں پیدا ہونیوالی کشیدگی کو ختم کرانا ہے۔ صدارتی ترجمان نے کہا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے پاکستان اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہا ہے پاکستان کیلئے ہمارا پیغام ہے کہ بہت ہوگیا ہم اجلاس میں پاکستان سے کہیں گے کہ ہمارے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے کو ہے ہم پاکستان کی جانب سے کئے گئے وعدوں کے پورا ہونے کا مزید انتظار نہیں کرسکتے۔ ادھر اسلام آباد میں دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی آج 23 اپریل کو برسلز کے دو روزہ دورے پر جائیں گے اور وہاں پاکستان، امریکہ افغانستان سہ فریقی کور گروپ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جنرل کیانی سینئر نیٹو حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی آرمی چیف کے ہمراہ ہونگے۔ دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں امن و مفاہمت کا حامی ہے۔ افغانستان میں دیرپا امن چاہتے ہیں۔ دو روزہ سہ فریقی مذاکرات آج منگل سے شروع ہونگے۔