سو فیصد کرپشن نے ثابت کردیا زرداری اور ان کے حواری ناقابل اصلاح ہیں : شہبازشریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے گزشتہ روز سابق ممبر پنجاب اسمبلی ارشد عمران سلہری نے ملاقات کی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق ناظم یونین کونسل اعجاز سلہری اور سابق کونسلر بلدیہ لاہور سرور سلہری نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن)کے رہنماءخواجہ حسان اور توصیف شاہ بھی موجود تھے۔منڈی بہاﺅالدین + ملکوال (نامہ نگاران) سابق وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے زربابا چالس چوروں نے پانچ برسوں میں ملک کو اندھیرو ں میں ڈبو دیا، محترمہ زندہ ہوتیں تو ملک کے یہ حالات نہ ہوتے۔ جنہوں نے حاجیوں کی جیبیں کاٹی ہیں ان کا یوم حساب آگیا ہے، وہ یہاں منڈی بہاﺅالدین کی تحصیل ملکوال میں ریلوے گراﺅنڈ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، زرداری نے ملک کی دولت کو بے دردی کے ساتھ لوٹا اور بیرون ملک بنکوں میں لوٹی ہوئی دولت کے انبار لگا دئیے، محلات میں رہنے والوں کے دئیے جلتے رہے لیکن آپ عوام کے دیا کو بجھا دیا ہے، ان کا کہنا تھا آج بڑے خان کے نام پر ہمارے ووٹوں کو تقسیم کرنے کی سازش تیارکی گئی ہے آپ 11مئی کو شیرکے نشان پر مہر لگا کر میاں نواز شریف کو کامیاب بنائیں، انہوں نے کہا زرداری پانچ برسوں میں ملک کو اندھیروں سے نہیں نکال سکے لیکن میاں نوازشریف دو برسوں میں ملک کے اندھیروںکو ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا زرداری 10 پرسنٹ سے 100پرسنٹ کے بادشاہ ہیں جنہوں نے ملک کے ساتھ پارٹی کوبھی ڈبودیا ہے۔ انہوں نے کہا ملک کوبچانے کیلئے مسلم لیگ ن کوضلع کی تمام سیٹوں سے کامیاب کرائیں،ہم اقتدار میں آکر ملکوال میں دانش سکول اور منڈی بہاﺅالدین کوصنعتی زون بنائیں گے۔ انہوں نے کہا زرداری اخبارات میں بڑے بڑے بجلی پیداکرنے کے اشتہارات دے رہے ہیںِ عوام ان سے پوچھتے ہیں، ملک کی زراعت پیلی کیوں پڑ گئی، فیکٹریوں سے دھواں نکلنا بندکیوں ہوا، پانچ برسوں میں ملک میں رشوت کا بازار گرم ہوا اور ملک کوبرباد کر دیا گیا، ان لوگوں کوحساب دینا ہوگا، انہیں معافی نہیں ملے گی، ملک کے خزانہ کولوٹنے کی وجہ سے پاکستان مشکلات کا شکار ہوا، جب ملک میں سیلاب آیا اس وقت میں مصیبت زدہ عوام کے درمیان تھا اور زرداری سیرکرنے کیلئے پیرس اور لندن چلے گئے، ہم نے ملک میں ترقی کیلئے کام کیا، نواز شریف کوووٹ دوملک سے اندھیرے ختم کردیں گے، جلسہ میں ناصربوسال نے شہبازشریف کو روایتی پگڑی پہنائی جس کے بعد انہوں نے اپنا خطاب شروع کیا۔ ملکوال سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے کہا پی پی پی اور پی ٹی آئی آپس میں مل چکی ہے، زرداری پی ٹی آئی کے ذریعے ووٹ اچکنا چاہتے ہیں، شیر کو ووٹ دیں تو دو سال میں لوڈشیڈنگ ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا جب 2010ءمیں سیلاب آیا تو میں مصیبت میں گھری عوام کے ساتھ تھا مگر زرداری صاحب عوام کو ڈوبتا چھوڑ کر پیرس چلے گئے۔ پھر 2011ءمیں ڈینگی کی بیماری آ گئی میں نے باہر سے ڈاکٹرز منگوائے جنہوں نے بتایا یہ خطرناک بیماری ہے اس سے 25 ہزار افراد ہلاک ہونے کا خطرہ ہے مگر ہم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا اور اس پر قابو پایا انہوں نے کہا عوام نے کامیابی دی تو دو برسوں میں لوڈشیڈنگ ختم نہ کی تو میرا نام شہباز شریف نہیں۔ زرداری صاحب عمران خان کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلانا چاہتے ہیں، مگر عوام ان کے دھوکے میں نہ آئیں۔ انہوں نے کہا جو ووٹ نواز شریف کے علاوہ کسی اور کے صندوق میں گیا تو وہ زرداری کو جائے گا عوام بلے اور زرداری کے چکر میں نہ آئیں ووٹ صرف نواز شریف کو دیں۔ آخر میں شہباز شریف نے نظم، ایسے دستور کو صبح بے نور کو میں نہیں مانتا، میں نہیں مانتا، پڑھی۔ جلسہ میں 20000 سے زائد افراد نے شرکت کی۔ جلسہ سے مقامی رہنماﺅں چودھری ناصر اقبال بوسال، شفقت اقبال گوندل، سکندر حیات گوندل، منور اقبال گوندل اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق شہباز شریف نے کہا زرداری اور اس کے حواریوں نے پاکستانی قوم کو ناقابل معافی دکھ دیئے اور عوام 11 مئی کو پیپلز پارٹی کے خلاف اپنا ووٹ استعمال کر کے ان دکھوں کا بدلہ لیں گے۔ انہوں نے کہا مسٹر ٹین پرسنٹ کو پانچ سالہ اقتدار کی شکل میں ایک اور موقع ملا تھا مگر اس دفعہ پیپلز پارٹی کے لٹیروں نے سو فیصد کرپشن کر کے ثابت کر دیا زرداری اور اس کے حواری ناقابل اصلاح ہیں۔ انہوں نے کہا 11 مئی چوروں، ڈاکوﺅں اور لٹیروں سے آزادی کا دن ہوگا۔ یہ ان لوگوں سے نجات کا دن ہوگا جنہوں نے ملک میں اندھیرے پھیلائے، بنکوں پر اربوں روپے کے ڈاکے ڈالے اور حاجیوں کی جیبیں کاٹیں۔ آج کل پیپلز پارٹی کروڑوں روپے خرچ کر کے لوڈشیڈنگ کے حوالے سے جھوٹے اشتہارات شائع کرا رہی ہے وہ یہ پیسے بجلی کی پیداوار پر خرچ کر دیتی تو ملکوال جیسی تحصیل میں لوڈشیڈنگ ختم ہو سکتی تھی۔ انہوں نے کہا آصف زرداری نے شکست کو سامنے دیکھ کر نواز شریف کے ووٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے ۔وہ عمران خان کے کاندھے پر بندوق رکھ کر یہ کام کرنا چاہتے ہیں لیکن عوام ان کی یہ سازش ناکام بنا دیں گے۔ انہوں نے کہا عوام ریکارڈ اٹھا کر دیکھ لیں عمران خان روزانہ مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن انہیں زرداری کے خلاف بات کرنے کی توفیق نہیں ہوتی۔ صرف یہی نہیں وہ (ق) لیگ کی برملا تعریف کرنے کے علاوہ اس کی لیڈر شپ کو اعلیٰ درجے کی قیادت قرار دے چکے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی اس مفاہمت میں ق لیگ کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا پاکستانی قوم خوش قسمت ہے اسے موجودہ سنگین بحران میں نواز شریف جیسا تجربہ کار اور مدبر رہنما میسر ہے۔ یہ نواز شریف ہی تھے جنہوں نے بھارت کے پانچ دھماکوں کے مقابلے میں چھ دھماکے کیے، ملک میں کئی ایئر پورٹ اور گوادر بندرگاہ تعمیر کی اور موٹر وے بنائی۔ انہوں نے اس موقع پر اعلان کیا مسلم لیگ (ن) دوبارہ اقتدار میں آکر منڈی بہاﺅالدین میں دانش سکول کے علاوہ پنجاب یونیورسٹی کا کیمپس تعمیر کرے گی اور انڈسٹریل اسٹیٹ بنائے گی۔