ایران عراق سرحد پر 2 ہزار پاکستانی زائرین پھنس گئے
بغداد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) عراق میں زیارت کیلئے گئے ہوئے دو ہزار پاکستانی زائرین عراق ایران سرحد پر پھنس گئے‘ زائرین میں بچے‘ بوڑھے اور خواتین شامل ہیں‘ ان میں سے کئی سردی کے باعث بیمار ہو گئے ہیں۔ وزارت خارجہ نے سرحد پر پھنسے ہوئے زائرین کی مدد کیلئے ایران اور عراق میں قائم سفارتخانوں کو ہدایات جاری کردیں۔ پیر کی شب نجی ٹی وی چینل کے مطابق عراق میں زیارت کیلئے گئے ہوئے دو ہزار پاکستانی زائرین کو عراق کا بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دی جارہی جبکہ زائرین کے پاس ویزا موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق زائرین گذشتہ پانچ روز سے ایران اور عراق کی سرحد پر بے یارومددگار ٹھہرے ہوئے ہیں اور ان کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے اور ان کا تعلق پارا چنار‘ سیالکوٹ‘ کراچی‘ پشاور‘ لاہور‘ ساہیوال اور گلگت سمیت ملک کے دیگر حصوں سے ہے۔ زائرین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس عراق کا ویزا موجود ہے۔ ہم مر جائیں گے مگر زیارت کے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔ زائرین نے کہا ہے کہ ہم کربلا میں مقدس مقامات کی زیارت کیلئے جانا چاہتے ہیں دوسری جانب دفتر خارجہ نے سرحد پر پھنسے زائرین کی مدد کیلئے ایران اور عراق میں قائم سفارتخانوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔