بے نظیر قتل کیس، مشرف کی آج عدالت طلبی، ایف آئی اے جسمانی ریمانڈ طلب کرےگی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) بے نظیر بھٹو قتل کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو طلب کرنے کے سمن جاری کر دیئے ہیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ جیل حکام پرویز مشرف کو آج ہر صورت پیش کریں۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کی طرف سے بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف سمیت تمام ملزموں کو طلب کئے جانے پر تمام ملزم آج عدالت میں پیش ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بے نظیر قتل کیس میں ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل خالد قریشی کی زیر صدارت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں 24 اپریل کو پرویز مشرف کی ضمانت کی مخالفت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے لاہور ہائیکورٹ سے پرویز مشرف کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے پرویز مشرف کی 24 اپریل تک کی عبوری ضمانت دے رکھی ہے۔