• news

پنجاب میں پرامن شفاف الیکشن کے لئے مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دے دیا: نجم سیٹھی

لاہور (خصوصی رپورٹر+ایجنسیاں) نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پنجاب میں عام انتخابات کے پرامن، غیر جانبدارانہ، شفاف اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے پنجاب الیکشن مانیٹرنگ سسٹم تشکیل دے دیا گیا ہے اور پنجاب حکومت نے خصوصی ہاٹ لائن قائم کر دی ہے جہاں پر کوئی بھی شہری اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے اور اس شکایت کے فوری ازالہ کے لئے میکنزم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جدید مانیٹرنگ سسٹم کے تحت پولنگ سٹیشن سے لے کر پورے انتخابی عمل کی نگرانی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ سکیورٹی انتظامات اور ضابطہ اخلاق کی پابندی پر عملدرآمد کا بھی جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز ایوان وزیر اعلیٰ میں عام انتخابات کے مشاہدہ کے لئے آئے یورپی یونین کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ وفد کی قیادت یورپی یونین کے چیف الیکشن آبزرور مشن و ممبر یورپین پارلیمنٹ مائیکل گیلر کر رہے تھے۔ نگران وزیر اعلیٰ نے کہا انتخابات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد میں کسی کو رخنہ ڈالنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سیاسی رہنماﺅں، انتخابی جلسوں اور ریلیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔ انتخابات کا پرامن اور منصفانہ انعقاد بہت بڑا چیلنج ہے لیکن نگران حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے پنجاب کے تمام پولنگ سٹیشنوں اور امیدواروں سمیت تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں جبکہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو بھی جدید سسٹم کے تحت مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا سیاسی رہنماﺅں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی سطح پر صوبائی الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی اور صوبائی سکیورٹی اینڈ پبلک سیفٹی مینٹیننس کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ صوبہ بھر میں حساس پولنگ سٹیشنز کی نشاندہی کی جا چکی ہے جہاں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ قبل ازیں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا بچوں کو خسرہ سے بچانے اور متاثرہ بچوں کے علاج کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ خسرہ سے بچاﺅ کی خصوصی مہم کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں خسرہ سے بچاﺅ کی خصوصی مہم 29 اپریل سے شروع کی جا رہی ہے۔ لاہور کی 165 یونین کونسلوں میں خسرہ سے بچاﺅ کی خصوصی مہم بیک وقت شروع کی جائے گی۔ مہم کے دوران بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے 1500 موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد خسرہ مہم کے ساتھ 3 اضلاع لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔ دریں اثناءپاکستان پریس کونسل کے عہدیداروں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ نے کہا اطلاعات تک رسائی عوام کا حق ہے۔ آئندہ ہفتے سے اطلاعات تک رسائی کے ایکٹ کو ایک آرڈیننس کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے بارے میں عوامی شکایات کے ازالہ کے لئے بھی ایک مو¿ثر میکنزم ہونا چاہئے۔ پریس کونسل آف پاکستان کو حقیقی معنوں میں آزاد اور خودمختار ادارہ بنانے کے لئے تجاویز مرتب کی جائیں اور اس مقصد کے لئے باہمی مشاورت سے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن