• news

عوام نام نہاد جمہوریت پسندوں سے تنگ آ چکے، عمران کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا: شیخ رشید

راولپنڈی (اصغر شاد سے) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام ان نام نہاد جمہوریت پسندوں سے تنگ آ چکے ہیں جنہوں نے مل کر اس ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور ان کے نوعمر اور کمسن بیٹے اس دوڑ میں شامل ہو چکے ہیں۔ عمران خان اب ملکی تاریخ اور سیاست کا اہم کردار بن چکے ہیں جن کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ این اے 56 میں ان کی مکمل سپورٹ کریں گے۔ ایفی ڈرین والوں کو راولپنڈی کے غیور عوام مار بھگائیں گے۔ وہ گذشتہ روز لال حویلی میں نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو کے دوران اظہار خیال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اتنے بے وقوف نہیں جو محض پہاڑی نما فلائی اوور کی تعمیر کے چکر میں آ جائیں گے۔ میں نے کبھی کچہری اور تھانے کی سیاست نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ آج میڈیا کی ہر جانب نظر ہے۔ اب کوئی کسی سے چھپ نہیں سکتا۔ گذشتہ پانچ برسوں میں شہر میں جو کچھ ہوا ہے وہ سب عوام کے سامنے آ بھی چکا ہے۔ اور جو باقی ہے وہ سامنے آ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو میرے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کا امیدوار میرا مقابلہ کر رہے ہیں باقی جہاں تک پیپلز پارٹی کے امیدوار کا تعلق ہے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہمارا کبھی کوئی تعلق نہیں رہا۔ آج شیخ رشید غریب کی آواز بن چکا ہے۔ مجھے الیکٹرانک میڈیا کا ایڈوانٹیج ہے۔ روزانہ 4کروڑ لوگ مجھے دیکھتے ہیں۔ میری پارٹی غریب ہے ہمارے پاس اتنے پیسے نہیں کہ جتنے دوسروں کے پاس ہیں لیکن ہم عوام کی آواز ہیں لہٰذا ہماری رینج زیادہ ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انشاءاللہ شہر میں ہی نہیں ملک میں تبدیلی آئے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جنرل پرویز مشرف اب آ گئے ہیں تو دیکھئے ان کے ساتھ کیا ہو گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن