الیکشن 2013ئ: 6 مسلم لیگی دھڑے میدان میں ہیں
لاہور (خصوصی رپورٹر) الیکشن 2013ءمیں چھ اہم لیگی دھڑے حصہ لے رہے ہیں۔ ان میں مسلم لیگ (ن) اور (ق) لیگ نے چاروں صوبوں سے امیدوار کھڑے کئے ہیں جبکہ فنکشنل اور پیپلز مسلم لیگ کے بیشتر امیدوار صوبہ سندھ سے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ اور (ج) لیگ نے بھی زیادہ امیدوار پنجاب ہی میں میدان میں اتارے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر نوازشریف لاہور اور سرگودھا، (ق) لیگ کے مرکزی سینئر رہنما چودھری پرویز الٰہی گجرات اور چکوال، پیپلز مسلم لیگ کے سربراہ تھرپارکر سندھ، شیخ رشید احمد راولپنڈی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ہم خیال لیگ کی مسلم لیگ (ن) سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پایہ تکمیل کو پہنچنے کے بعد ارباب غلام رحیم نے پیپلز مسلم لیگ اور حامد ناصر چٹھہ چیئرمین کے دست راست اقبال ڈار نے (ج) لیگ بحال کر دی۔ سلیم سیف اللہ خان چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی ہمخیال آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں اترے ہیں صرف ہم خیال کے سیکرٹری جنرل ہمایوں اختر خان 11 مئی کے انتخابات سے باہر ہو گئے ہیں۔ ہمایوں اختر نے لاہور سے قومی اسمبلی کے 7 اور سمندری کے ایک حلقہ سے کاغذات داخل کروائے تھے۔ حلقہ این اے 79 میں ان کے لئے الیکشن لڑنے کا بہترین موقع تھا جہاں پیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی رانا فاروق خان، ان کی اہلیہ اور چودھری دلدار چیمہ یکے بعد دیگرے نااہل ہو گئے تھے۔ مسلم لیگ (ن) نے چودھری شریف مرحوم کے صاحبزادے شہباز بابر کو اپنا امیدوار بنایا۔ ہمایوں اختر خان نے اپنا مستقبل مسلم لیگ (ن) سے وابستہ کرنے کے لئے اس حلقے کی طرف آنکھ اٹھا کر نہ دیکھا۔