بجلی بحران کے ذمہ دار نواز شریف اور مشرف ہیں: احمد مختار
لاہور (خبرنگار) سابق وزیر پانی و بجلی چوہدری احمد مختار نے نوازشریف اور جنرل مشرف کو ملک میں بجلی کے بحران کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے بجلی پیدا کرنے کے معاہدے منسوخ کئے جو کہ محترمہ شہید بےنظیر بھٹو نے اپنے پہلے وزارت عظمیٰ کے دور میں کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف بھی اس کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے اپنے 11سالہ دور میں ایک میگاواٹ بجلی بھی نیشنل گرڈ میں شامل نہیں کی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور میں فرانس کے ساتھ 22سو میگاواٹ کا نیوکلیر ری پروسیسنگ پلانٹ کامعاہدہ کیا تھا جس کو ضیاءالحق نے منسوخ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی اور اس کی قیادت ملک میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہمیشہ منصوبہ بندی اور عملی اقدامات اٹھاتی رہی ہے لیکن ضیاءالحق اور اس کے پیروکار بالکل اس کے برعکس اقدامات کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب نواز شریف کا لوڈشیڈنگ کا واویلا مگر مچھ کے آنسو بہانے کے مترادف ہے کیونکہ اگر وہ معاہدے منسوخ نہ کرتے تو پاکستان نہ صرف بجلی میں خود کفیل ہوتا بلکہ دوسرے ممالک کو برآمد بھی کر سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی سابقہ حکومت نے تقریباََ 35 سو میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جس کے واضح اثرات محسوس اس لئے نہیں ہوئے کیونکہ ملک میں بجلی کی مانگ میں 10فیصد سالانہ اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن پراجیکٹ اس مسئلے کے حل کے لئے بڑی پیش رفت ہے کیونکہ اس منصوبے سے اگلے سال کے آخر میں گیس کی فراہمی ممکن ہو گی جس سے تقریباََ 5ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے ملک میں بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان بہت کم فرق رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب شریف برادران بجلی کے بحران پر جلد قابو پانے کے بلند بانگ دعوے کر رہے ہیں جو کہ حقیقت پر مبنی نہیں۔