• news

اسلم مڈھیانہ، رانا فاروق کو الیکشن لڑنے کی اجازت، رضوان گل کی سزا معطل

لاہور+سمندری(وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار+نوائے وقت نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ایم پی اے اسلم مڈھیانہ اور سابق وفاقی وزیر رانا محمد فاروق کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے جعلی ڈگری کیس میں گرفتار سابق رکن صوبائی اسمبلی رضوان گل کی سزا معطل کرتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔مسٹر جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار رضوان گل کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضلعی سیشن عدالت سرگودھا نے ناکافی شہادتوں اور استغاثہ کے کیس میں متعدد تضادات کے باوجود درخواست گزار کو تین سال قید اور 15ہزار جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔عدالت کی طرف سے سنائی گئی سزا انصاف کے اصولوں کے منافی ہے۔ دو رکنی بینچ نے رضوان گل کی سزا معطل کرتے ہوئے دو دو لاکھ کے مچلکوں کے عوض انکی ضمانت منظور کر لی۔علاوہ ازیں اسلم مڈھیانہ کو ریٹرننگ افسر اور الیکشن ٹربیونل نے نااہل قرار دیا تھا۔ لاہور ہا ئیکورٹ کے فل بنچ نے پی پی 31 سرگودھا سے پیپلزپارٹی کے امیدوار اسلم مڈھیانہ کی طرف سے کاغذات مسترد ہونے کیخلاف دائر درخواست منظور کرتے ہوئے ان کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔ اسلم مڈھیانہ کے بھتیجے ندیم سرور مڈھیانہ کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن قومی اسمبلی راﺅ مظہر کو نااہل قرار دینے کے لئے دائر درخواست کی سماعت کل 25 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاءکو بحث کے لئے طلب کر لیا ہے۔فاضل عدالت نے کیس کی سماعت شروع کی تو راﺅ مظہر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو اپنا استعفی پیش کر دیا تھا اس لئے ان کے خلاف جعلی ڈگری کی بابت دائر درخواست کی سماعت نہیں کی جا سکتی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاءکو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔ سمندری سے نامہ نگار کے مطابق لاہورہائیکورٹ نے حلقہ این اے 79 سے پیپلزپارٹی کے امیدوار سابق وفاقی وزیر رانا محمد فاروق سعید خاں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔ قبل ازیں الیکشن ٹربیونل نے ایک شہری صوفی محمد اقبال کی درخواست پر انہیں نااہل قرار دے دیا تھا رانا فاروق سعید خاں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت کی خبر سن کر پیپلزپارٹی کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی انہوں نے آتش بازی کا مظاہرہ کیا اور مٹھائی تقسیم کی۔

ای پیپر-دی نیشن