• news

عمران میدان چھوڑ کر ٹی وی مناظروں کی بات کر رہے ہیں: مشاہد اللہ‘پرویز رشید

لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے چیلنج دیا تھا کہ نوازشریف جس حلقے سے انتخابات لڑیں گے وہ بھی اسی حلقے میں ان کا مقابلہ کریں گے ۔اب عمران خان میدان چھوڑ کرٹی وی مناظروں کی بات کررہے ہیں۔ مشاہداللہ خان نے کہاکہ عمران خان کی جانب سے نوازشریف کے ساتھ ٹی وی مذاکرے کی بات محض تشہیری حربہ اور توجہ حاصل کرنے کی سستی کوشش کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذاکرے کی پیش کش نہایت ہی بچگانہ اور غیرسنجیدہ ہے۔ عمران نوازشریف کے خلاف بیان بازی کرکے اپنا قد بڑھانے کی ناکام اور شرمناک کوشش کر رہے ہیں مگر ایسی ہرکوشش انشاءاللہ ناکام ہو گی۔ انہوں نے کہاکہ کھلاڑی شایدکھیل کے بنیادی اصول بھلا بیٹھا، فائنل راﺅنڈ سے پہلے کوالیفائنگ راﺅنڈ تو جیت لیتا۔ مسلم لیگ (ن) عمران خان کے میڈیا سٹنٹ کا حصہ بننے کو مسترد کرتی ہے ۔مشاہداللہ خان نے کہاکہ نوازشریف سے مقابلہ کرنا تھا تو ان کے مقابلے میں انتخابات لڑ لیتے، سراب کا حقیقت سے کوئی مقابلہ نہیں ہوتا۔سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف سے مباحثہ کیلئے عمران خان کو پہلے سیاسی اخلاقیات کی تربیت حاصل کرنی چاہئے۔ نوازشریف کو ڈرپوک ہونے کا طعنہ دینے والے عمران خان عدلیہ تحریک میں کہاں چھپے تھے۔ عمران خان پہلے سیاسی رہنما ہیں جنہیں اپنے ہی کارکنوں سے تحفظ کیلئے سکیورٹی مانگنی پڑتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن