انتخابات باوقت پر ہونگے‘ عوام افواہوں پر کان نہ دھریں: نگران وزیر داخلہ
کراچی (این این آئی+نوائے وقت نیوز)نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب نے کہا ہے کہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے ۔عوام افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے ہر ممکن سکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے ۔ وہ منگل کو کراچی میں پاکستان کوسٹ گارڈ کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کے خطرات ہیں ۔تاہم نگراں حکومت چاروں صوبائی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے ہر ممکن سکیورٹی اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کافی عرصے سے خراب ہے ۔تاہم کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے صوبائی حکومت اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے گا ۔ملک حبیب نے کہا کہ عام انتخابات کے موقع پر کراچی سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے تمام سکیورٹی ادارے الرٹ ہیں اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے گا ۔حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ کے وسائل کو بڑھانے کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔قبل ازیں نگراں وفاقی وزیر داخلہ جب پاکستان کوسٹ گارڈ ہیڈ کوارٹر پہنچے تو اعلیٰ حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔قائم مقام ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ کرنل طارق نواز نے نگراں وفاقی وزیر داخلہ کو پاکستان کوسٹ گارڈ کی آپریشنل صلاحیتوں اور کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی ۔