• news

شہبازشریف کیمپ آفس کے حکم پر ترقیاتی کام، ضلعی حکومت سے رقم واپس مانگ لی گئی

لاہور(شعیب الدین سے) پنجاب کی نگران حکومت نے سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کے کیمپ آفس سے جاری ہونیوالے احکامات پر کئے گئے ترقیاتی کاموں کے ایک ارب 29 کروڑ روپے ضلعی حکومت سے واپس مانگ لئے۔ پنجاب حکومت نے اس رقم کی واپسی کیلئے ”پراونشل فنانس کمیشن“ کے تحت ضلعی حکومت کو ملنے والی رقم میں سے ہر ماہ کٹوتی کا فیصلہ سنا دیا ہے۔ تمام رقم تین مساوی قسطوں میں اپریل، مئی اور جون میں کاٹ لی جائے گی۔ جس سے ضلعی حکومت کے مالی معاملات بری طرح متاثر ہوں گے۔ باخبر ذرائع کے مطابق گزشتہ برسوں میں وزیراعلیٰ پنجاب کی کھلی کچہری سے جاری ہونیوالے احکامات پر ضلعی حکومت نے ترقیاتی کام کروائے جن کی ادائیگی ضلعی حکومت کرتی رہی۔ بعدازاں ضلعی حکومت نے ایک ارب 29 کروڑ کی رقم کا بار بار محکمہ خزانہ سے مطالبہ کیا اور اس مطالبے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے بالآخر خود نوٹس لیا اور محکمہ خزانہ کو سختی سے ضلعی حکومت کو ادائیگی کی ہدایت کی۔ جس کے بعد یہ رقم محکمہ خزانہ نے ضلعی حکومت کو ادا تو کردی مگر اب اس رقم کی واپسی کا فیصلہ کرکے یہ رقم واپس لینے کا شیڈول بھی تیار کرلیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن