• news

لاہور پولیس کا سٹی ڈویژن جرائم میں بازی لے گیا

لاہور(احسان شوکت سے) لاہور پولیس کا سٹی ڈویژن جرائم میں بازی لے گیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ کے مطابق سٹی ڈویژن میں 12 سو 45 جرائم پیشہ عناصر سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جنہیں پولیس، سیاستدانوں سمیت اعلیٰ افسران کی بھی سرپرستی حاصل ہے۔ سٹی ڈویژن میں 22 تھانے اور دو پولیس چوکیاں قائم ہیں جن میں تھانہ اسلام پورہ، انارکلی، لوئرمال، داتا دربار، بھاٹی گیٹ، ٹبی سٹی، لاری اڈا، مستی گیٹ، یکی گیٹ، رنگ محل، شفیق آباد، لوہاری، نولکھا، اکبری گیٹ، راوی روڈ، گوالمنڈی، موچی گیٹ، شاہدرہ، بادامی باغ، شاہدرہ ٹاﺅن، مصری شاہ، شاد باغ، ماڈل پولیس چوکی سگیاں اور پولیس چوکی سبزی منڈی شامل ہیں۔ ان علاقوں میں جوئے خانے، منشیات فروشی کے اڈے اور قحبہ خانے سرعام چل رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سٹی ڈویژن میں 402 منشیات فروش، 319 جوئے کے اڈے اور 82 قحبہ خانے ہیں۔ پولیس ان تمام جرائم کے اڈوں اور جرائم پیشہ افراد کے نام، پتے اور دیگر تفصیلات سے آگاہ ہونے کے باوجود کسی کارروائی سے گریزاں ہے بلکہ الٹا بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن