• news

افغانستان سے نیٹو افواج کے انخلا میں پاکستان مثبت کردار ادا کرے: راسموسین

برسلز (وقارملک+اے ایف پی) برسلز میں نیٹو ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں افغانستان سے فوجی انخلاءاہم موضوع بنا رہا۔ نیٹو چیف راسموسین نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نیٹو انخلاءکے دوران افغانستان کے ہمسایہ ممالک بشمول پاکستان مثبت کردار ادا کریں۔ رواں سال افغانستان میں افغان سکیورٹی فورسز کو نیٹو سے سکیورٹی کی ذمہ داری منتقل ہو جائے گی اس لئے یہ سال انتہائی اہم اور خطرناک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیرخارجہ جان کیری بدھ کے روز برسلز میں افغان صدر حامد کرزئی ، پاکستان آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور دوسرے اعلیٰ پاکستانی حکام سے ملاقات کرینگے۔ اس موقع پر امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا افغان صدر اور پاکستانی آرمی چیف سے مذاکرات کے دوران اس بات کا خیال رکھاجائے گا کہ نیٹو افواج کے انخلاءکے دوران پاکستان اور افغانستان کے مفادات متاثر نہ ہوں۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندرے فوگ راسموسن نےکہا کہ ہم سب اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ شام میں صورتحال بدترین ہوتی جارہی ہے اور ہم خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو نظر انداز نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران رکن ممالک نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن