• news

نامور گلوکارہ شمشاد بیگم ممبئی میں انتقال کر گئیں

ممبئی (آئی این پی) مغل اعظم‘ مدر انڈیا‘ سی آئی ڈی‘ اور قسمت جیسی فلموں میں آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ شمشاد بیگم 94 سال کی عمر میں بھارت کے شہر ممبئی میں انتقال کر گئیں،گزشتہ کئی مہینوں سے ان کی طبیعت ناساز تھی اور وہ ہسپتال میں زیرعلاج تھیں۔ انہوں نے لاہور کے پشاور ریڈیو سے 1937ء میں اپنی گائیکی کے کیرئر کا آغاز کیا تھا جو آل انڈیا ریڈیو کا حصہ ہوا کرتا تھا، ان کی صاف اور واضح آواز کو سامعین نے بہت پسند کیا، ان کی بیٹی اوشا رترا نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ طویل عرصے سے علیل اور ہسپتال میں داخل تھیں جہاں گزشتہ رات ان کا انتقال ہو گیا۔ وہ ممبئی میں اپنی بیٹی اوشا رترا اور داماد کے ساتھ رہتی تھیں۔ انھوں نے گنپت لا بٹّو سے شادی کی تھی جن کا 1955ءمیں انتقال ہو گیا تھا۔ ان کے گیتوں میں ’لے کر پہلا پہلا پیار‘ میرے پیا گئے رنگون‘ کبھی آر کبھی پار لاگا تیر نظر‘ کجرا محبت والا انکھیوں میں ایسا ڈالا‘ یا پھر’ کہیں پہ نگاہیں کہیں پہ نشانہ‘ شامل ہیں۔ 2009ءمیں شمشاد بیگم کو بھارت کے پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن