طالبان کے بونیر، پشاور اور کراچی میں پمفلٹ تقسیم، ووٹ ڈالنے والوں کو دھمکیاں
کراچی(این این آئی) کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے عام انتخابات میں حصہ نہ لینے سے متعلق دھمکی آمیز پمفلٹس بنیر، پشاور اور کراچی کے مختلف علاقوں میں تقسیم کر دیئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق کراچی میں بانٹے گئے پمفلٹس میں عوام کو سیاسی جلسوں اور ووٹ ڈالنے سے خبردار کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی اہلکار ایسے کسی واقعے سے بے خبر رہے۔ پمفلٹس میں کہا گیا کہ ووٹ ڈالنے والے جانی نقصان کے خود ذمہ دار ہوں گے۔ دوسری جانب پشاور، بنیر، مالاکنڈ اور دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کی دھمکیوں کے ساتھ پمفلٹس تقسیم کئے گئے۔ اے پی اے کے مطابق سی آئی ڈی پولیس نے کراچی سے چار دہشت گرد اور پانچ ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لئے جو مبینہ طور پر کالعدم تحریک طالبان سے تعلق رکھتے ہیں۔