عوام ہماری طاقت ہیں : بلاول بھٹو
کراچی (آن لائن) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے ایسے رہنماو¿ں جو پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بعض حلقوں میں آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ان کی پارٹی کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے اور واضح طور پر کہا ہے کہ جن حلقوں میں بعض امیدوار شہید ذوالفقار علی بھٹو ،شہید بی بی اور پیپلزپارٹی کے نام پر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں ان کا پیپلزپارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔پیپلزپارٹی نے جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کئے ہیں وہی پارٹی کے اصل امیدوار ہیں اور ان کا انتخابی نشان تیر ہے۔ وہ میڈیا سیل میں پیپلزپارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماو¿ں کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔بلاول بھٹو زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے لاہور ،کوئٹہ اور پشاور کے پارٹی رہنماو¿ںسے بھی رابطے کئے ۔پیپلزپارٹی کے اہم ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے پارٹی کی حکمت عملی ،امیدواروں کی انتخابی مہم سمیت اہم امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بلاول نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے اور عوام ہی ہماری اصل طاقت ہیں ۔بعض آمرانہ سوچ کے حامل عناصر پیپلزپارٹی پر تنقید کررہے ہیں لیکن ان کی تنقید سے پارٹی کی مقبولیت میں کوئی کمی نہیں آئے گی اور نہ ہی پیپلز پارٹی کے ووٹ بینک پر اس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 11مئی کو ہونے والے انتخابات میں عوام ثابت کر دیں گے کہ آج بھی ملک میں بھٹو کا فلسفہ زندہ ہے۔