• news

کارکنوں کو خطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں نہ روایتی انتخابی مہم چلائینگے:امین فہیم

کراچی (نیٹ نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے چیئرمین مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ ان کی جماعت روایتی انداز میں انتخابی مہم نہیں چلائی گی کیونکہ وہ اپنے کارکنوں اور عوام کو خطرے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ایک زمانہ تھا جب انتخابی مہم میں ہر دروازے پر جاتے تھے تب دہشت گردی، ڈر اور خوف نہیں ہوتا تھا۔ ’بینظیر بھٹو بھی انتخابی مہم کے لیے پورے پاکستان میں نکلیں اور آخر ان کی موت ہوگئی، ہم چاہتے ہیں کہ ہم سیاست کریں لیکن جنازے نہ اٹھائیں اور لوگوں کا تحفظ ہو‘۔ انتخابات ملتوی ہونے کے کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں جنگیں ہوتی ہیں وہاں بھی الیکشن ہوتے ہیں، امن وامان کی صورتحال کو بہانہ بنا کر الیکشن ملتوی نہیں کیے جا سکتے۔ نگراں حکومت کی مدت میں اضافہ سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مرزا غالب کا شعر پڑھ کر سنایا کہ ’ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پر دم نکلے‘، ان کے مطابق نگراں حکومت کا کام محض الیکشن کرانے تک ہے۔ بلاول بھٹو زرداری سے متعلق سوال پر مخدوم امین فہیم نے کہا کہ وہ کچھ روز قبل دوبئی گئے تھے تاہم اب وہ کہاں ہیں، اس سے لاعلم ہیں لیکن وہ سیاسی میدان میں موجود ہیں۔ بلاول کا حالیہ ویڈیو پیغام کہاں سے جاری ہو وہ یہ نہیں جانتے۔

ای پیپر-دی نیشن