الیکشن ملتوی ہونا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں: پیپلز پارٹی
لاہور (خبر نگار) انتخابات کا ملتوی ہونا ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ بلکہ اس سے پاکستان کا بین الاقوامی برادری میں امیج خراب ہو گا اور دشمن پاکستان کو ایک ایسی ناکام ریاست قرار دیں گے جہاں پر دہشت گرد انتخابات ملتوی کرانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں عزیزالرحمن چن، اورنگزیب برکی، فاروق یوسف گھرکی، غلام محی الدین دیوان نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رہنماﺅں کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ایک گھنٹے کی تاخیر بھی نہیں ہونی چاہئے۔ جمہوریت کو اب ”ڈی ریل“ نہیں ہونے دیں گے۔ ایم کیو ایم اکیلی ہی دہشت گردوں کا ٹارگٹ نہیں۔ اے این پی اور پی پی پی بھی دہشت گردوں کا ٹارگٹ ہیں۔ الطاف حسین اپنی پارٹی کے رہنماﺅں اور کارکنوں کو ہدایات دیں کہ الیکشن میں بھرپور حصہ لیکر دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنا دیں۔