انتخابات میں عوام سیاسی اداکاروں کا کڑا احتساب کرینگے: مسرت شاہین
کامرہ کینٹ (این این آئی) پاکستان تحریک مساوات کی چیئرپرسن مسرت شاہین نے کہا ہے کہ عوام انتخابات میں سیاسی اداکاروں کا کڑا احتساب کرینگے۔ پاکستان کو ایسا ملک بنائیں گے جس میں ہر شہری کو مساوی حقوق ملیں گے جہاں امن ہو گا جو عوا م کا دیرینہ خواب تھے کرپشن کے دلدل میں پھنسی قوم کو دیانتدار فرض شناس قیادت کی رہنمائی میں منزل تک پہنچائیں گے جہاں پاکستان کی بقا اور سلامتی جمہوری نظام سے منسلک ہو گی۔ اس کے لئے عوام کو صاف شفاف قیادت کو سامنے لانا ہو گا۔ پاک فوج کی نگرانی میں ہونے والے الیکشن عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔ عوام ناکام لیڈروں کے کھوکھلے نعروں سے تنگ آگئی ہے، ملک میں ہزاروں لوگ بے گھر ہیں، بے روزگاری اور معاشی بدحالی میں بے یارو مددگار ہیں، کہیں مذہب کے نام پر کہیں شیعہ سنی کے نام پر، کہیں پٹھان پنجابی کے نام پر کہیں برادری کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بنایا جا رہا ہے عوام کی اکثریت ان کی اداکاری سے تنگ آکر ان کو فلاپ کر دیں گے۔