پولیو کے قطرے محفوظ کرنیوالے ریفریجریٹرز بازار میں فروخت ہونے کا انکشاف
لاہور+شیخوپورہ (سپیشل رپورٹر+نوائے وقت نیوز) پولیو کے قطرے محفوظ کرنے کیلئے محکمہ صحت پنجاب کے ریفریجریٹرز کی بازار میں فروخت کا انکشاف ہوا ہے۔ ای ڈی او ہیلتھ کے مطابق پولیس نے ویکسی نیٹر جہانزیب اور رچنا ٹاﺅن کے دکاندار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ دکاندار محمد حسین کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ویکسی نیٹر جہانزیب مفرور ہے۔ فریج فروخت کرنے کا انکشاف سٹور کی چیکنگ کے دوران ہوا۔ دکاندار نے موقف اختیار کیا کہ فریج خراب تھے، ٹھیک کرنے کیلئے لائے گئے تھے۔ 4 فریج اور ویکسین باکس فروخت کرنے کا پتہ چلا ہے۔محتسب پنجاب جاوید محمود نے شیخوپورہ میں پولیو سے بچاﺅ کی ادویات کے لئے خریدے گئے فریج اور ویکسین باکس مارکیٹ میں فروخت کرنے کا نوٹس لے لیا ہے اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ محتسب پنجاب نے سیکرٹری صحت پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کو ہدایت کی ہے وہ اپنی رپورٹ میں واضح کریں محکمہ صحت نے سرکاری مشینری اور طبی عملے کے زیر استعمال آلات اور دیگر اشیا کی فہرست مرتب کرنے کا کیا طریقہ کار وضع کر رکھا ہے اور سرکاری مشینری اور آلات کی مسلسل نگرانی کس طریقے سے کی جا رہی ہے۔ ضلع لودھراں میں دریائے ستلج کے کنارے آباد بستی موڑ فقیراں میں گیسٹرو اور پراسرار بیماری کی وجہ سے سات بچوں کی ہلاکت سے متعلق اخباری تراشے پر سوموٹو کے نتیجے میں محکمہ صحت نے نہ صرف مقامی بستی میں میڈیکل کیمپ قائم کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف تعینات کیا بلکہ آبادی کے 240 بچوں کا مفت طبی علاج کیا گیا اور 123 بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے گئے۔