• news

شفاف الیکشن ہماری ذمہ داری ہے‘ امریکہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کرے: کھوسو

اسلام آباد+ کراچی (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ نگران حکومت ملک میں شفاف، منصفانہ اور آزادانہ انتخابات منعقد کرانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اور مدد فراہم کریگی۔ الیکشن کمشن کو ہرممکن اعانت فراہم کی جائیگی۔ وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے توانائی کے بحران کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں توانائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے۔ ہم امریکہ جیسے دوست کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے مدد دے۔ امریکی سفیر نے ایک سویلین حکومت سے دوسری سویلین حکومت کو اقتدار کی منتقلی کیلئے نگران حکومت کے کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے مدد دے رہی ہے۔ اس کے علاوہ گومل اور ہائیڈل منصوبوں کے لئے بھی مدد دی جا رہی ہے جس سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہو گی۔ امریکی سفیر نے حال ہی میں برسلز میں امریکہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان بات چیت کے بارے میں بھی بتایا۔ امریکی ادارے یو ایس ایڈ کے پاکستان میں کنٹری ہیڈ جوناتھن کونلے نے ایک چار رکنی وفد کے ہمراہ پانی و بجلی کے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک سے ملاقات کی اور ان سے بجلی کے شعبہ میں تعاون ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی بہتری بجلی کے منصوبوں میں مالی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے بتایا کہ امریکہ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے حکومت کے ساتھ مل کر اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور بجلی کے شعبہ میں اس کا تعاون جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کھوسو نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لئے وزارت خزانہ کو ہدایات اور پالیسی گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے بجٹ سازی انتہائی احتیاط سے کی جائے ارو اس کا حجم مناسب حدود کے اندر رکھا جائے۔ دریں اثناءنگران وزیراعظم نے سندھ میں امن و امان سے متعلق اجلاس آج کراچی میں طلب کر لیا۔ میر ہزار خان کھوسو سے گرونر اور نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری ذمہ داری ہے۔ انتخابات کے دوران سندھ میں امن و امان کیلئے وفاق ہرممکن مدد فراہم کرے گا۔ 

ای پیپر-دی نیشن